حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سیوان-بہار/ ایامِ عزائے فاطمیہ کی مناسبت سے سیوان شہر کی مسجد و امام بارگاہ قرآن و عترت فاؤنڈیشن میں چہار روزہ مجالسِ عزا کا انعقاد کیا گیا، جن میں مولانا محمد رضا معروفی نے ’’فاطمہ، فاطمہ ہے‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، مقام و منزلت اور رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد دینِ اسلام کے تحفظ کے لیے آپؑ کی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔
مولانا محمد رضا معروفی نے اپنے بیان میں قرآن کریم اور احادیثِ معصومین علیہم السلام کی روشنی میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی حیاتِ طیبہ اور آپؑ کی بعثت کے الٰہی مقصد کو واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ خداوند عالم نے شہزادیٔ کونین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو ایک ایسی عظیم ذمہ داری عطا کی تھی جسے نہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نہ ہی امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام انجام دے سکتے تھے۔ یہ ذمہ داری رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد امت کے اذہان کو دینِ حق کی طرف متوجہ کرنا اور حقیقی اسلامی تعلیمات کی حفاظت کرنا تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی اس ذمہ داری کو پوری استقامت کے ساتھ نبھایا۔ آپؑ نے شدید مصائب اور مظالم برداشت کیے، جسمانی اذیتیں اٹھائیں، لیکن امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی حمایت اور دینِ حق کی پاسداری سے پیچھے نہیں ہٹیں۔ مولانا معروفی نے کہا کہ آج دنیا اس حقیقت کی گواہی دے رہی ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اپنے مقصد میں کامیاب ہوئیں اور آپؑ کی جدوجہد حق و باطل کے درمیان امتیاز کا روشن معیار بن گئی۔
مجالس کے دوران مختلف دانشوروں نے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اکلوتی صاحبزادی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت، عظمت اور سیرت کے حوالے سے اپنے تاثرات پیش کیے۔
مجالس میں نظامت کے فرائض جناب ریحان مصطفی آبادی نے انجام دیے، جبکہ جناب صفدر رضا کٹوکھری اور ان کے ہمنواؤں نے سوزخوانی کی۔ جناب دلدار سیوانی، جناب رضا مصطفی آبادی اور جناب عادل کٹوکھری نے پیش خوانی کے فرائض انجام دیے۔ ہر مجلس کے اختتام پر عزادارانِ سیدۂ کونین نے نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خدمت میں ان کی جدۂ مظلومہ کا پرسہ پیش کیا۔
ان مجالس کا ایک اہم اور خصوصی پہلو یہ رہا کہ سیوان شہر میں پہلی مرتبہ شبِ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے موقع پر شبیہِ تابوت برآمد کیا گیا۔ عزاداران نے نوحہ خوانی اور ماتم کرتے ہوئے اس جلوس میں شرکت کی اور شہزادیٔ کونین کی مظلومانہ شہادت پر اپنے غم و عقیدت کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی چہار روزہ مجالسِ عزا اختتام پذیر ہوئیں۔










آپ کا تبصرہ